شیری رحمان مصر کی عالمی موسمیاتی کانفرنس کی ہیرو قرار

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان کی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں دو ہفتوں سے جاری اقوام متحدہ کے کوپ 27 اجلاس کی نئی ہیرور قرار دیا گیا ہے۔

کوپ 27 کے سب سے طویل اور تاریخی اجلاس میں ماحولیاتی نقصان سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو معاوضہ فراہم کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت امیر ممالک نے ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ غریب اور ترقی پزیرممالک کی مدد پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو معاوضہ دینے پر اتفاق رائے ہوگیا

معاہدے کے تحت نقصان کے ازالے کے لئے ”لوس اینڈ ڈیمج فنڈ“ قائم کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے کوپ 27 اجلاس میں 200 ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پاکستان بھی شامل تھا جہاں حالیہ سیلاب نے تباہی مچائی ہے، دنیا اب تک پاکستان کے نقصانات کے ازالے سے قاصر رہی ہے۔

اجلاس میں پاکستان کی جانب سے شیری رحمان نے ماحولیاتی تباہ کاریوں پر متاثر کن دلائل دئے، جنہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے بھی کوپ 27 میں فنڈ کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کوپ 27 میں نقصانات کے ازالے کیلئے فنڈ کے قیام پر شیری رحمان اور ان کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ہمیں اب شرم الشیخ اور گلاسگو معاہدوں کو عملی شکل دینی ہو گی۔

دوسری جانب یونیسکو کے چئیرپرسن اشکو سوین لکھتے ہیں کہ برازیل کے منتخب صدر لولا کے بعد پاکستان کی وزیر موسمیاتی شیری رحمان کوپ 27 کی دوسری ہیرو بن گئی ہیں۔

شیری رحمان نے اپنے ٹوئٹ میں کوپ 27 کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس اعلان سے دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ کمیونٹی کو جینے کی امید ملی ہے، 134 ملکوں کے لئے فنڈ قائم ہونے میں 30 سال کا طویل عرصہ لگا۔

Related Posts