راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے الوداعی دوروں کے ایک حصے کے طور پر نیول اور ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف افسران سے ملاقات کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر،آرمی چیف کو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد آرمی چیف کی ایئر ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے والے پی اے ایف کی بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف نے ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کور کا دورہ بھی کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
مزید پڑھیں:آرمی چیف کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات کیسے لیک ہوئیں؟ وزیرِخزانہ نے نوٹس لے لیا
افسران اور دستوں سے خطاب کرتے ہوئے، آرمی چیف نے سیاچن اور لائن آف کنٹرول سمیت ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے پر راولپنڈی کور کی تعریف کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








