اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک کی معاشی وسیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ آج کے اجلاس میں اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس صبح 9 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں مزید نکات شامل کر لیے گئے۔
وفاقی کابینہ نے تیل کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم تقرریوں کے متعلق آرمی ایکٹ میں مجوزہ ترامیم بھی زیرِ غور آئیں گی۔
وفاقی کابینہ 27 اکتوبر اور 15 نومبر کے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس کے فیصلوں اور قائدِ اعظم یونیورسٹی میں قومی ادارہ برائے انٹیلی جنس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے قیام کی منظوری بھی دے گی۔
کابینہ اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری بھی دئیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی کابینہ نے تیل کمپنیوں کے مارجن میں 63 فیصد کے خطیر اضافے کی منظوری دی تھی۔
نومبر کے آغاز میں طویل عرصے سے مارجن میں 8.85 روپے فی لٹر اضافے کا مطالبہ کرنے والی تیل کمپنیوں کیلئے مارجن میں 6 روپے فی لٹر اضافہ مہنگائی سے لاگت میں اضافے اور دیگر وجوہات کے باعث کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








