نیویارک: دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی 2 الگ الگ فہرستیں جاری کردی گئی ہیں، جن میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہینلے انڈیکس کی 2023 کی فہرست میں دنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کا قرار پایا جس کے پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے 193 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر مشترکہ طور پر سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس ہیں جن کے پاسپورٹ پر 192 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کیا جاسکتا ہے جب کہ تیسرے نمبر پر جرمنی اور اسپین ہیں، ان ممالک کے پاسپورٹ کے حامل افراد 191 ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح برطانیہ کا نمبر چھٹا اور امریکا کا نمبر ساتواں ہے جب کہ بھارت کا نمبر 85 واں ہے جس کے پاسپورٹ پر 59 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے۔
ہینلے انڈیکس میں افغانستان کا پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹ ہے جس کا نمبر سب سے آخری یعنی 109 ہے جبکہ پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر 106 ہے اور پاکستان سے نیچے صرف تین ممالک بالترتیب شام، عراق اور افغانستان ہیں۔
کراچی میں سرد ہواؤں کا راج، پارہ 5 ڈگری تک گرگیا
دوسری فہرست آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں متحدہ عرب امارات پہلے نمبر پر ہے، جس کے پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے 181 ممالک کا سفر کیا جاسکتا ہے۔
دوسرے نمبر پر مشترکہ طور پر سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، اسپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز اور آسٹریا کے پاسپورٹس ہیں، جن کے پاسپورٹس پر 174 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کیاجاسکتا ہے۔تیسرے نمبر پر ڈنمارک، بلجیم ، پرتگال، ناروے، پولینڈ، آئرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس ہیں، جن کے حامل افراد 173ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں فہرستوں میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا،آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ یمن اور صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 92 ویں نمبر پر موجود ہے،اس سے نیچے عراق 93 ، شام 94 ور افغانستان 95 موجود ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








