ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کا پیر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب نے آٹھویں بار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو مبارکباد دی اور پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا ہر سال کامیاب ٹورنامنٹ کرانے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شام ملتان میں پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے حوالے سے ہم ایک تاریخی پہلا کام کر رہے ہیں۔HBLپی ایس ایل مضبوطی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس کو کامیاب بنانے کے لیے ٹھوس کوششیں کی ہیں۔
آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والی تقریب کا آغاز گلوکارہ آئمہ بیگ نے کیا، آئمہ بیگ نے قومی ترانہ پیش کیا، انہوں نے سفید رنگ کا گاؤن زیب تن کیا ہوا تھا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اگلے سال ہم کوئٹہ اور پشاور جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نے ملک کو بہت سے اثاثے دیئے اور قوم کے لیے خوشی کا باعث بنی۔
مزید پڑھیں:ملتان میں پی ایس ایل 8 کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے تین افراد گرفتار
عاصم اظہر، فارس شفیع اور شی گل نے پی ایس ایل 8 کا سرکاری ترانہ پیش کیا، افتتاحی تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی کے ساتھ ہوا، ٹورنامنٹ کا پہلا میچ جلد ہی ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








