اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی مسرت جمشید چیمہ کے ساتھ کال کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی۔
مسرت چیمہ کو عمران خان ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس پر ہدایات دے رہے ہیں، سابق وزیر اعظم مسرت چیمہ کو اعظم سواتی کے ذریعے پیغام پہنچانے کا بھی کہہ رہے ہیں۔
عمران خان آڈیو کال میں کہتے ہیں کہ ہاں مسرت کیا سچویشین ہے؟ کیا ان کو میسج پہنچ گیا ہے؟ جس پر مسرت جمشید چیمہ کہتی ہیں کہ جی سر ان کو مسیج پہنچا دیا ہے، ہم ادھر ہائی کورٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نہیں جائیں گے، خان صاحب کو پیش کریں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خواجہ حارث وہاں ہے، جس پر جواب دیتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ خواجہ حارث، سلمان صفدر دونوں میرے ساتھ ہیں، میں ان کے ساتھ بیٹھی ہوں، میں آپ کی بات بھی کرا سکتی ہوں۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ اعظم سواتی سے بات ضرور کریں، وہ سپریم کورٹ بات ضرور کرے، یہ جو انہوں نے کیا یہ تو بالکل مالافائیڈی ہے، جس پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جی بالکل سر آپ بے فکر ہو جائیں۔
پھر سابق وزیر اعظم کہتے ہیں کہ یہ کیا کر رہا ہے جو چیف جسٹس ہے، یہ تو ان سے آرڈر لیتے ہیں۔
اس پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نیب والے آئے، فلانے آئے، تو ہم نے کہا ہے بھئی انہیں کورٹ میں پیش کریں، ہم نے کہا کورٹ میں موجود ہم ایسے نہیں جائیں گے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کی رہائی انصاف کا دوہرا معیار ہے، خواجہ آصف
جس پر پی ٹی آئی چیئرمین دوبارہ کہتے ہیں کہ نہیں یہ تو ان سے یہ آرڈر لیتا ہے، اعظم سے بات کریں دوسری طرف، ابھی اعظم سے ضرور بات کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








