چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کا نام تبدیل کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ نیا نام ثقافتی ورثے, قومی اقدار اور اتحاد کی علامت ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کا نام تبدیل کرنے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے ارکان میں سینیٹر عرفان الحق صدیقی، تاج حیدر، شبلی فراز اور منظور احمد شامل ہیں۔
دریں اثناء چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ اور آئین کی حالیہ گولڈن جوبلی تقریبات سے ہمیں بحیثیت قوم اپنی اجتماعی کامیابیوں پر غور کرنے کا موقع میسر آیا ہے۔
اپنے خط میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں نے گولڈن جوبلی تقریبات کے تناظر میں ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جسے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کا نام تبدیل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ نیا نام ہمارے ثقافتی ورثے سے گہرا تعلق رکھنے والا ہوگا۔
خط میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ نیا نام ہماری قومی اقدار کو برقرار رکھنے والا اور قوم کے عظیم اتحاد کی علامت ہوگا جبکہ میرا یہ اقدام منفرد نہیں کیونکہ دنیا بھر میں پارلیمنٹ کی کئی عمارات کے نام مقامی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








