ممبئی: سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارتی ریاست گجرات میں تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 22 سے زائدزخمی ہوگئے ہیں۔
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپرجوائے سے بھارتی گجرات کے ضلع کچھ کے علاقوں جاکھو اور مانڈوی میں تیز ہواؤں اور شدید بارش سے مختلف درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں 3 ہزار 672 سے زائد بجلی کے کھمبے گرنے سے طویل دورانیے سے بجلی منقطع ہے۔
طوفان کے باعث ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 22 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 23 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ریاست گجرات میں کئی علاقوں میں بارشوں اور طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، ریاست گجرات سے تقریباً 94 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں۔
سمندری طوفان بیپر جوائے کیٹی بندر کے قریب پہنچ گیا
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس وقت بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریلوے نے 70 ٹرینوں کو منسوخ یا ان کا روٹ تبدیل کر دیا ہے۔
سمندری طوفان بیپرجوائے کی کیٹیگری انتہائی شدید سے شدید میں بدل گئی ہے، گجرات میں ہواؤں کی رفتار 115 سے کم ہو کر 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی ہے، طوفان کے باعث راجستھان میں آج شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








