راولپنڈی: پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے 6 بھارتی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز نے 29 جولائی سے 3 اگست تک دراندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گرفتار بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، اسمگلروں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ اور وشال سنگھ ، جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ شامل ہیں۔
ہیکرز نے کرپٹو کرنسی چوری کرنے کیلئے جدید طریقہ ڈھونڈ نکالا
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ گرفتار اسمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے، بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں، توقع رکھتے ہیں کہ بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام مؤثر اور اسمگلروں کیساتھ گٹھ جوڑختم کرے گی۔ انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، سیز فائر خلاف ورزیوں اور دراندازی کوششوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی فوج نے 3 سال سے جاری سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی تھی ، نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے 60 سالہ غیاث کو شہید کردیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








