اسلام آباد: پاکستان نے جی 20 ممالک سے تجارتی مفادات دیکھنے کی بجائے مسئلۂ کشمیر کے حل کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے اپنے ایک بیان میں جی 20 ممالک پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتلِ عام پر نظر ڈالیں۔
ملک بھر میں قائداعظم کا یومِ وفات آج منایا جارہا ہے
بیان میں معاونِ خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ جی 20 ممالک مسئلۂ کشمیر کے حل کیلئے فعال کردار ادا کریں کیونکہ جب تک پاکستان اور بھارت کے مابین یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا، خطے میں قیامِ امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت، ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کرچکی، یاسین ملک سمیت انسانی حقوق کے کارکنان قید کردئیے گئے۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے جعلی مقدمات میں صحافیوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے، جی 20 ممالک نریندر مودی حکومت پر دباؤ ڈال کر کشمیریوں کی رہائی کی راہ ہموار کریں۔ جی 20 ممالک بھارت کو مجبور کریں تاکہ مسئلۂ کشمیر کے دیرپاحل کو یقینی بنایا جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








