محکمۂ موسمیات نے رواں ماہ کے دوران مزید سردی کی پیشگوئی کی ہے۔ شہرِ قائد میں آئندہ 1 روز کے دوران موسم خشک اور مزید سرد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں درجۂ حرارت 11 ڈگری تک گر چکا ہے۔ مارچ میں عموماً درجۂ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بلند رہتا ہے۔ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک درجۂ حرارت مزید کم ہوگا۔
سرد موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں درجۂ حرارت 9 سے 10 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ کراچی میں درجۂ حرارت 10 سے 24 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
جمعہ سے کراچی کا درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں شمال مغرب سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
موسمی صورتحال کے متعلق محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ پیر اور منگل کے روز سندھ کے بیشتر اضلاع اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔بالائی علاقوں میں سردی شدید ہوگی۔
دوسری جانب بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی پھلکی بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ منگل کو بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








