سری نگر: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کا 7مارچ کو دورہ کریں گے جس سے قبل پاک بھارت سرحد پر بھارتی فوج کو الرٹ کردیا گیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے ناکوں کا جال بچھا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نریندر مودی 7مارچ کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے جس سے قبل جموں و کشمیر میں ملٹی سرکل سکیورٹی انتطامات کیے گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر سے قبل سکیورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے اور ناکوں کا جال بچھا دیا گیا۔ سری نگر کے حساس علاقوں میں اضافی سکیورٹی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
بی جے پی کی مرکزی قیادت کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 7مارچ کو بھارتی وزیراعظم سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ایک جلسے سے خطاب کریں گے۔ سری نگر کے دورے کو حتمی شکل دے دی گئی۔
دوسری جانب بی جے پی حکومت نے مودی کے دورے کے موقعے پر پاک بھارت سرحد پر فوج کو الرٹ کردیا ہے۔ سرحد پر ہونےو الی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ بھارتی فوج، پولیس اور آر پی ایف کا مشترکہ گشت بھی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








