اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت نجکاری کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری پر عمل درآمد کے لیے حتمی شیڈول پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے کی نجکاری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا اور واضح کیا کہ اس سلسلے میں سستی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری پر اب تک کی پیشرفت اور اس حوالے سے آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سال کے شروع میں سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کریں۔
اپنے مشیر برائے ہوا بازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین سے ملاقات میں وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا۔وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کو مزید مالی نقصان سے بچانے کے لیے سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








