محمود اچکزئی ایک بار پھر عمران خان کے حق میں بول پڑے

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دی نیوز

صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے، میں صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر پی ٹی آئی کا مشکور ہوں اور مجھے ووٹ دینے والوں کا شکر گزار ہوں۔

صدارتی انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان سے مجھے ایک ووٹ بھی نہیں ملا، میرے صوبے سے کم از کم ایک ووٹ آنا چاہئے تھا، ڈاکٹر مالک مجھے ووٹ دینے کیلئے تیار تھے لیکن اچانک پھسل گئے۔

محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں، نواز شریف اپنی پارٹی کے سمجھدار لوگوں کی آواز سنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ قانون میں جو چاہے ترمیم کرسکتی ہے، اس وقت پاکستان مشکل میں ہے، ہم چھوٹے اور مسائل بہت بڑے ہیں، ہماری معمولی غلطی خطے کو تباہ کردے گی، ہمیں مل کر عقل سے کام کرنا ہوگا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایک پارٹی کو عوام نے ووٹ دیا، اس کو ماننا ہوگا، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک میں غصہ ہے اس پر قابو پانا ہوگا، پتہ نہیں ہم نے اس ملک کو کہاں تک پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آصف زرداری کو مبارکباد دینے گیا تو وہ موجود نہیں تھے، ہمیں ہمارے اتحادیوں نے ووٹ دیے، مولانا فضل الرحمان کا ووٹ ہمیں ملنا چاہئے تھا، مولانا فضل الرحمان شاید سوگئے ہوں۔

سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ عمران خان اس وقت سے میرے دوست ہیں جب اے پی ڈی ایم بنائی، پارلیمنٹ کے لیے میں ہر قربانی دینے کو تیار ہوں، عمران خان سے جو بھی اختلاف ہو لیکن انہوں نے سیٹیں جیتی ہیں، ان کے مسئلے کا آئین سے حل نکالا جائے اور مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دی جائیں، آئین منتخب نشستوں پر خواتین اور اقلیتوں کو حق دیتا ہے، کسی کی نشستیں ریوڑیوں کی طرح بانٹنے والے آپ کون ہیں۔

Related Posts