وزیراعظم کا رمضان ریلیف پیکیج کی رقم میں بڑے اضافے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم
(فوٹو: آن لائن)

وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم میں بڑے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے مستحق افراد کے پیکیج کا حجم ساڑھے 7 سے بڑھا کر ساڑھے 12ارب روپے کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ (جیونیوز) کے مطابق وزیر اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کے حجم میں نہ صرف 5ارب کا اضافہ کیا بلکہ پیکیج کے دائرۂ کار کو توسیع دینے کا حکم بھی دے دیا جس کے تحت زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق افرادکو اس کا فائدہ پہنچایا جاسکے گا۔

رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ موبائل یونٹس کو بھی کھانے پینے کی سستی اشیاء دینے کیلئے متحرک کیا جائے گا۔ پیکیج کی ترسیل کیلئے 1200موبائل پوائنٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت 300 مستقل پیکیج ریلیف مراکز بھی قائم کر رہی ہے۔ رمضان کے دوران ریلیف پیکیج مین عوام کو بازار کے مقابلے میں سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ملک کے مختلف شہروں میں متعین مقامات کے علاوہ بھی ٹرک غریب عوام کو سستی اشیاء کی ترسیل کا کام سرانجام دیں گے۔ مستحقین کی امداد کیلئے موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جارہی ہے جس کیلئے خصوصی ویڈیو جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیر اعظم کے احکامات کے تحت عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا حامل ڈیش بورڈ تشکیل دیا جائے گا جس موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی کرسکے گا۔ موبائل یونٹس ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقلی کے دوران آٹے کی ترسیل جاری رکھیں گے۔

موبائل کے علاوہ لائیو فوٹیج سے بھی حکومت آٹے کی ترسیل کی مسلسل نگرانی یقینی بنائے گی۔ ملک بھر کے 3 کروڑ 96 لاکھ خاندان رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیاء سستے داموں خرید سکیں گے جو بازار سے 30فیصد تک سستی ہوں گی۔

خیال رہے کہ حکومت نے 7مارچ کو رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے مستحق افراد کیلئے ساڑھے 7ارب روپے تک سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔ سبسڈی کے تحت عوام کو آٹا  77 جبکہ گھی 70 روپے فی کلو تک سستا مل سکے گا۔

Related Posts