سری نگر: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کے موقعے پر کہا ہے کہ میں جنت میں آنے کے احساس کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق 2019ء میں 5اگست کے روز کشمیر کی آئینی حیثیت بدل دینے والے شدت پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کے موقعے پر سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی اور پاک بھارت سرحد پر بھارتی فوج کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔
کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگانے والے مظلوم کشمیریوں کے دیس میں داخلے کے موقعے پر بھارتی وزیراعظم کا خوف دیدنی رہا۔ سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں نام نہاد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے انتخابات سے قبل کشمیریوں کی حمایت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی۔
واضح رہے کہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو واضح کرنے والے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد بھارتی وزیراعظم نے پہلی بار کشمیر کا دورہ ساڑھے 4سال بعد کیا جس سے نریندر مودی کے کشمیری قوم کی جانب سے شدید احتجاج پر اندرونی خوف کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
خطاب کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ وہ نیا کشمیر ہے جس کے ہم کئی دہائیوں سے منتظر تھے اور جس کی آنکھوں میں روشن مستقبل ہے اور جو اپنے ارادوں میں چیلنجر پر قابو پانے کی ہمت رکھتا ہے۔ ارادے اچھے ہوں تو نتائج بھی حاصل ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آرٹیکل 370 کی منسوخی سے نہ صرف کشمیر سے اس کی الگ ریاستی و آئینی حیثیت چھین لی بلکہ جنت نظیر وادی میں طویل لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا جس پر سب سے توانا آواز پاکستان نے بلند کی اور چین سمیت دیگر ممالک نے بھی اس کی مذمت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








