اسلام آباد: وفاق اور سندھ حکومت کے مابین آئی جی سندھ کی تقرری پر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ لگانے کے حق میں ہے جبکہ وفاق کی جانب سے راجہ رفعت مختار کا نام سامنے آیاہے۔ سندھ حکومت نے 14روز قبل نام تجویز کیاتھا۔
رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کی تقرری کیلئے غلام نبی میمن کا نام تجویز کیاگیا جو س سے قبل کراچی پولیس کے چیف (ایڈیشنل آئی جی) اور آئی جی سندھ کے عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر قیادت سندھ حکومت وفاق کے سامنے اپنی تشویش کا اظہار کرچکی ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن نے بیان دیا کہ آئی جی سندھ کی تقرری میں تاخیر اتحادی معاہدے کے خلاف ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے۔فوری انتظامی فیصلوں سے صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔آئی جی سندھ کی تقرری میں تاخیر اتحادی معاہدے کے خلاف ہے۔ آئی جی سندھ پولیس کے لیے نام 4 مارچ کو بھیج چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 16 روز کے بعد بھی وفاقی حکومت آئی جی سندھ کا تقرر نہیں کرسکی۔ تقرری میں غیر ضروری تاخیر سے سندھ میں امن کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ اور وفاق کے مابین چیئرمین ارسا کی تقرری پر بھی اختلاف سامنے آیاتھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








