اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کو نشانِ پاکستان کے اعزاز سے نواز دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر اسلام آباد میں سعودی وزیر دفاع کو نشانِ پاکستان سے نوازنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور دیگر شریک ہوئے۔
سعودی وزیر دفاع کو اعزاز سے نوازنے کی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کو نشانِ پاکستان سے نوازا۔
سعودی وزیرِ دفاع کا ایک اور اعزاز
اس سے قبل حکومت نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود کو یومِ پاکستان پریڈ کا مہمانِ خصوصی بنانے کا فیصلہ کیا اور اگلے ہی روز 23مارچ کو سعودی وزیر دفاع یومِ پاکستان میں مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب میں شریک بھی ہوئے۔
حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز یومِ پاکستان پریڈ کے مہمانِ خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کریں گے۔ سعودی وزیرِ دفاع کو پریڈ میں شرکت کی دعوت آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کی جانب سے دی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








