کیٹی بندر، ماہی گیروں نے ایک بار پھر اربوں کی سوا مچھلی پکڑلی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: ڈائیلاگ پاکستان)

کراچی سے 150 کلومیٹر کے فاصلے پر ٹھٹھہ میں واقع کیٹی بندر کے ماہی  گیروں نے ایک بار پھر اربوں روپے مالیت کی سوا مچھلی پکڑ لی ہے۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق کیٹی بندر کے ماہی گیروں پر قسمت کی دیوی مسلسل مہربان ہے۔ کیٹی بندر کے نزدیک ماہی گیروں کے جال میں اربوں روپے مالیت کی قیمتی اور نایاب سوا مچھلی پھنس گئی۔ 3 کشتیوں کو 700 سوا مچھلیاں مل گئیں۔

ماہی گیروں نے 8 مارچ سے اب تک بڑی تعداد میں قیمتی اور نایاب سوا مچھلی کا شکار کیا اورزیادہ تر سوا مچھلی کیٹی بندر کے قریب پکڑی گئی۔ اب تک سندھ کے محنت کش ماہی گیروں کی 15 کشتیاں اربوں کی سوا مچھلی کا شکار کرچکی ہیں۔

حال ہی میں سوا مچھلی کے 123 دانے کراچی ہاربر پر لائے گئے تھے اور اس سے 1 روز قبل ماہی گیروں نے 80 کے قریب سوا مچھلی فروخت کی جبکہ سوا مچھلی کے لین دین سے ماہی گیر اربوں کی کمائی کرچکے ہیں تاہم سوا مچھلی معدومیت کے خدشات سے دوچار ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تکنیکی مشیر معظم خان کے مطابق سوا مچھلی سمندر کے اس حصے میں مارچ اور اپریل کے دوران انڈے دینے کیلئے جمع ہوتی ہے۔ اگر ماہی گیر بڑی تعداد میں سوا مچھلی کو شکار کریں تو اس نایاب نسل کی مچھلی کی نسل معدوم ہونے کا خدشہ ہے۔

Related Posts