وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر برائے احتساب اور سینئر بیوروکریٹ روئیداد خان انتقال کر گئے ہیں جس پر ملک کی متعدد شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ان کی عمر 100 سال تھی۔
سابق وزیر روئیداد خان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ روئیداد خان کی نمازِ جنازہ نمازِ ظہر کے بعد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی جس میں مشہورومعروف شخصیات شریک ہوں گی۔
سینئر بیوروکریٹ روئیداد خان طویل عرصے تک مختلف اہم مناصب پر فرائض سرانجام دینے کے باعث اعلیٰ شہرت کے حامل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیات میں شامل تھے۔
بیوروکریٹ روئیداد خان کو ایچ 11 قبرستان، اسلام آباد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کا تعلق مردان کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تھا تاہم انہوں نے اپنے پس منظر سے بڑھ کر کارنامے سرانجام دئیے۔
روئیداد خان نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری وزارتِ سیاحت، سیکریٹری وزارتِ لیبر اور ایم ڈی، پی ٹی وی کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
اپنے طویل کیرئیر کے دوران روئیداد خان کو سیکریٹری جنرل وزارتِ داخلہ، سیکریٹری داخلہ، وفاقی وزیرِ احتساب اور وزیراعظم اور صدرِ پاکستان کے مشیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کا موقع ملا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








