راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زرتاج گل سمیت 20 سے زائد ملزمان کی 9مئی مقدمات میں ضمانت کنفرم کردی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اگلی سماعت پر پیشی کا حکم دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے متعلق مقدمات کی سماعت جج ملک اعجاز آصف نے کی۔ عدالت میں 9 مئی مقدمات میں نامزد 500 سے زائد ملزمان پیش ہوئے جن کی حاضری لگائی گئی۔
عدالت کے احکامات کے تحت 9 مئی مقدمات کی اگلی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہوگی۔ عدالت نے زرتاج گل وزیر، شبلی فراز، راجہ بشارت اور زین قریشی کی ضمانت کنفرم کردی اور پولیس کو 20سے 25 پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری سے روک دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 9 مئی مقدمات کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








