اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے مختصر زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا جبکہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت کے باوجود عمران خان جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ سائفر اور عدت میں نکاح کے کیسز اب بھی بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی میں رکاوٹ ہیں۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 25 مئی 2022 کی ہنگامہ آرائی کے 2 کیسز میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے بانی چیئرمین کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








