گندم اسکینڈل، وزیراعظم نے نیشنل فوڈ سکیورٹی کے افسران معطل کردئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

گندم اسکینڈل
(فوٹو: پکسا بے، این ڈی ٹی وی)

گندم اسکینڈل پر کارروائی کرتے ہوئے  نیشنل فوڈ سکیورٹی کے افسران مبینہ طور پر معطل کردئیے گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی (اے آر وائی) کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر افسران کی معطلی کی منظوری دی۔ سابق سیکریٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی محمد آصف کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دے دی گئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالےسے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن اے ڈی عابد، نیشنل سکیورٹی کمشنر ون ڈاکٹر وسیم اور ڈاکٹر سہیل کو معطل کرنے کی منظوری دے دی گئی جن پر ناقص منصوبہ بندی اور غفلت برتنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی ہی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری فوڈ سکیورٹی محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، ان کی جگہ نیا سیکریٹری فوڈ سکیورٹی تعینات کردیا گیا۔

گندم امپورٹ کے معاملے پر 2 مئی کو ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم نے محمد آصف کو عہدے سے برطرف جبکہ محمد فخر عالم کو نیا سیکریٹری فوڈ سکیورٹی تعینات کردیا تھا جن کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔

Related Posts