کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی، کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کے باعث کراچی میں لاکھوں انسانی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
شہر میں مغربی سمت سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردیں ۔
شہر میں شدید گرمی کے باوجود بجلی فراہمی پر مامور ادارے کے الیکٹرک کی طرف سے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ چھوٹے گھروں، بند فلیٹوں میں مقیم شہریوں کو لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایم ایم نیوز کے سروے میں شہریوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے گھروں میں رہنا محال ہے، گھر سے باہر نکلیں تو لو لگنے کا خدشہ ہے، جائیں تو کہاں جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام پر مسلط کے الیکٹرک برسوں سے عوام کا خون چوس رہی ہے۔ بھاری بلز اور اوور بلنگ کے باوجود 12 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور کے الیکٹرک کو شائد لوگوں کے مرنے کا انتظار ہے پھر لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی۔
شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہوچکا ہے، دنیا مفت بجلی کی طرف جارہی ہے اور ہم کے الیکٹرک کے سیلیبز میں الجھ کر رہ گئے ہیں، کے الیکٹرک کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کروائے اور اگر کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہے تو کے الیکٹرک سے معاہدہ منسوخ کرکے کسی دوسری کمپنی کو سامنے لایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








