کرسٹل اور آئس استعمال کرنے والے لوگ خودکش بمبار ہیں، شرجیل انعام میمن

تازہ ترین

تازہ ترین

شرجیل انعام میمن
(فوٹو: دنیا نیوز)

کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کرسٹل اور آئس استعمال کرنے والے لوگ خودکش بمبار ہیں، منشیات مفت نہیں ملتیں، والدین پیسے دیتے ہیں تو بچے خریدلیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم طلبہ کے ٹیسٹ کرنے جارہے ہیں، والدین بچوں کا خیال رکھیں۔ کوئی بچہ منشیات کیلئے پازیٹو ملا تو رازداری سے صرف اس کے والدین کو بتایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم منشیات کے عادی بچے سے معلومات لیں گے کہ آپ تک منشیات کس نے پہنچائی۔ سندھ حکومت کا منشیات فروشوں کے خلاف ایکشن نہیں رکے گا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سندھ بھر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کیلئے ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز بنا رہے ہیں۔ ہم پرائیویٹ این جی اوز کو بھی دعوت دیں گے کہ اس کام میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لوگوں کو منشیات کے خلاف تبدیلی نظر آرہی ہے جبکہ منشیات کو کنٹرول کرنا ایک جہاد ہے جو ہم سب کو مل کر کرنا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس نے منشیات کے خلاف ایکشن لیا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ہمیں جہاں پولیس کی ضرورت پڑ رہی ہے، کام لے رہے ہیں۔ منشیات کا استعمال بہت ہے جس کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔ کرسٹل اور آئس استعمال کرنے والے لوگ خودکش بمبار ہیں۔

Related Posts