اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ٹیریان وائٹ کیس کی 1 سال بعد سماعت آج ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری 3 رکنی لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ آج 2 بجے کے بعد کرے گا جس میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل ہیں۔
مئی 2023 سے زیر التواء ٹیریان وائٹ کیس میں عمران خان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کو کاغذاتِ نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، کیس کے مدعی محمد ساجد محمود نے بانی پی ٹی آئی کو نااہل کرنے کی استدعا کی تھی۔
عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعاصادق اور امین نہ ہونے کے الزام کے تحت کی گئی۔ مارچ 2023 میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے درخواست کے حوالے سے 2 ججز کی رائے عدالتی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے پر 3 رکنی بینچ تحلیل کردیا تھا۔
قبل ازیں عمران خان کے خلاف ٹیریان وائٹ کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی شامل تھے۔ دونوں ججز نے اپنی رائے میں ٹیریان وائٹ کیس کو ناقابلِ سماعت قرار دے دیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








