اسلام آباد: پاکستان نے ملٹی مشن سٹیلائٹ (ایم ایم ون) خلا میں روانہ کردیا ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے لانچنگ کو شاندار کامیابی قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی سپارکو اور نیشنل اسپیس ایجنسی نے خلا میں ایم ایم ون نامی نیا سٹیلائٹ لانچ کردیا۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ ایم ایم ون سٹیلائٹ 30 مئی کو خلا میں روانہ کیا جائے گا جو جدید ترین مواصلاتی نظام کی تشکیل کیلئے رہنما ثابت ہوگا۔
سٹیلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور فائیو جی کی بہتر دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ سٹیلائٹ ٹیلی کام سیکٹر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات نے اس موقعے پر مسرت کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سپارکو اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام جدت اور ٹیکنالوجی کےثمرات سے مستفید ہوں گے، پوری قوم کو سائنسدانوں کی شاندار کامیابی پر فخر ہے۔سٹیلائٹ مدار میںبھیج کر قوم نے عظیم سنگِ میل عبور کر لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنا سٹیلائٹ ژی چانگ سینٹر سے سٹیلائٹ کو روانہ کیا جو پاک چین مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سٹیلائٹ تیز ترین انٹرنیٹ، بہتر مواصلاتی نظام، ای کامرس اور ای گورننس میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سٹیلائٹ زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر بھیجا گیا، ایم ایم ون کی زمین کے مدار تک رسائی پاکستان کے خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔دعا کرتے ہیں کہ ایم ایم ون مواصلاتی نظام کو بہتر بنائے اور خلائی شعبے میں کامیابیوں کے راستے نکالنے میں معاون ثابت ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








