عید ہو اور مزے مزے کے کھانے نہ ہوں یہ ہوئی نہیں سکتا اور عید جب قربانی والی ہو تو کئی کئی روز پہلے ہی منصوبے بننا شروع ہوجاتے ہیں۔ کسی کو کلیجی پسند ہے تو کسی کو ران، کسی کو روغنی بوٹیاں پسند ہیں تو کسی کوتکہ، پلاؤ، کباب، قورمہ، قیمہ، کوفتے غرض بڑی عید پر دستر خوان پر خوب رونق رہتی ہے اور مزے مزے کے کھانے اس عید کی شان میں اضافہ کرتے ہیں۔
آج کل پاکستان میں چائینز اور دیگر اٹالین فوڈز کی بجائے عربی کھانوں کی زیادہ دھوم مچی ہوئی ہے تو آیئے دیکھتے ہیں کہ اس عید پر آپ کون کون سی عربی ڈشز بناکر اپنے اہل خانہ اور دوستوں کی خدمت میں پیش کرسکتے ہیں۔
المفطح

پاکستان میں بریانی سب سے زیادہ شوق سے کھائی جاتی ہے لیکن اگر آپ اس عید پر روایتی بریانی کی بجائے عربی ڈش المفطح بناتے ہیں تو یہ پکوان گوشت، چاول اور بہت کئی مسالوں مثلاً دارچینی ، لونگ ، چھوٹی الائچی ، کالی مرچ ، زعفران اور تھوڑے سے لہسن پر مشتمل ہوتا ہے۔
پکوان میں اُبلی ہوئی میکرونی کا اضافہ کرنے کے بعد اسے ابلے ہوئے انڈے سے سجایا جاتا ہے، یقین جانئے اگر آپ یہ ڈش بناتے ہیں تو کھانے والے آپ کے کھانوں کے گرویدہ نہیں بلکہ دیوانے ہوجائینگے۔
المطازيز

یہ سعودی عرب بالخصوص نجد کے علاقے کا ایک عوامی پکوان ہے جو آٹے کی روٹی اور گوشت پر مشتمل ہوتا ہے۔ اسے شوربے اور سبزیوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اور اگر آپ عید پر یہ پکوان بناتے ہیں تو اس کا لطف بھی کھانے والوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔
سليق

یہ حجاز اور طائف کے علاقوں کا مشہور اور اہم ترین پکوان ہے۔ یہ دُنبے کے گوشت کے ساتھ چاولوں کا پلاؤ ہوتا ہے جس میں دودھ اور ٹماٹر کے پیسٹ کے علاوہ دارچینی ، مرچ ، چھوٹی الائچی ، دھنیہ اور مکھن شامل کیا جاتا ہے۔
دبنے کے گوشت میں بنا یہ پلاؤ مسالوں کی وجہ سے اپنی لذت اور خوشبو کی وجہ سے بہت لاجواب ہوتا ہے۔ اس عید پر آپ کو یہ بھی ایک بار ضرور ٹرائی کرنا چاہیے۔
مشبوس السم

سعودی عرب اور خلیج کے بہترین پکوانوں میں شمار کیا جانیوالا مشبوس السم آپ کے دسترخوان کو بارونق اور منفرد بناسکتا ہے۔اس کی تیاری میں چاول اور مچھلی کے علاوہ مسالوں کا مرکب استعمال کیا جاتا ہے جن میں دارچینی ، کالی مرچ اور زعفران شامل ہے۔
اس کی لذت اور ذائقہ بہت لاجواب ہے اور کھانے والے تعریف کئے بنا نہیں رہیں گے۔
الجريش

یہ سعودی عرب، اردن اور فلسطین میں مشہور پکوان ہے۔ سعودی عرب میں نجد کے علاقے میں بہت زیادہ معروف ہے۔ اس کی تیاری میں سخت گندم کا آٹا، گوشت کا شوربہ، کالی مرچ ، زیرہ اور پیاز استعمال ہوتی ہے۔اس عید پر اگر آپ الجريش سے مہمانوں کی تواضع کرتے ہیں تو پورا خاندان آپ کا گرویدہ ہوجائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








