کور کمانڈرز کانفرنس، پاک فوج نے آپریشن عزم استحکام پر تنقید کو بلاجواز قرار دے دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

آپریشن عزم استحکام
(فوٹو: آئی ایس پی آر)

راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران پاک فوج نے آپریشن عزم استحکام پر تنقید کو بلا جواز قرار دے دیا ہے۔ کور کمانڈرز نے مخصوص مفادات کے حصول کیلئے آپریشن پر قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے آپریشن عزم استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے وقت کا اہم تقاضا قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 22 جون کو نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ شرکاء نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوش حالی کے لیے آپریشن کو ’دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے وقت کا اہم تقاضا اور ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ ’ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ملک میں مایوسی اور نفاق کو فروغ دینا ہے۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کے لیے پُرعزم اور متحد ہیں۔فورم نے آپریشن عزم استحکام کو دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا۔

Related Posts