حکومت نے پی ٹی آئی کے آج ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پی ٹی آئی
(فوٹو: دنیا نیوز)

اسلام آباد: حکومت نے پی ٹی آئی  کے آج ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کردیا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ این او سی کی معطلی کی وجہ سکیورٹی صورتحال ہے۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث این او سی معطل کیا گیا ہے۔این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے پیشِ نظر کیا گیا۔

آج سے  دو روز قبل رہنما پاکستان تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔۔

پیغام میں عمر ایوب نے کہا کہ ہم 6 جولائی کو اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں، جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے اور مہنگائی کے خلاف تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا، عوام اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر صورت اس میں شرکت کریں۔

واضح رہے کہ محرم کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان سمیت دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں اسلامی سال کا آغاز ہوجاتا ہے جبکہ محرم کے آغاز سے ہی مجالس، ذکر و اذکار اور دیگر دینی محافل منعقد کی جاتی ہیں تاکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیاجاسکے۔

Related Posts