ممبئی: سابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم ویراٹ کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما ہمیشہ کیلئے لندن میں بسنے کو تیار ہیں، مشہورومعروف جوڑے نے دونوں بچوں کے ہمراہ مستقل رہائش کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
بھارتی میڈیا (انڈیا ٹوڈے) کا اپنی رپورٹ میں دعویٰ ہے کہ ویراٹ کوہلی لندن کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل ویراٹ کوہلی کی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں کارکردگی شاندار رہی۔ کوہلی نے 59 گیندوں پر 76رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
آج سے 2 روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد ویراٹ کوہلی کو ممبئی ائیرپورٹ پر دیکھا گیا تاہم مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ بھارتی میڈیا کا ماننا ہے کہ انوشکا شرما اس وقت بھی لندن میں موجود ہیں۔
معروف جوڑے کی بیٹی وامیکا اور بیٹا اکائے بھی انوشکا شرما کے ہمراہ لندن میں ہے اور ویراٹ کوہلی بھی جلد لندن پہنچنے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی کے دوسرے بچے کی پیدائش بھی لندن میں ہوئی تھی۔
بھارت واپسی سے قبل بھی 2 ماہ تک انوشکا شرما نے لندن میں قیام کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انوشکا شرما آج کل بھارت کا رخ کم ہی کرتی ہیں۔ اس سے قبل اسپورٹس چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ہم ایک پرسکون جگہ رہنا چاہتے ہیں جہاں عوامی شور نہ ہو۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے متعلق ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ایک بار ریٹائر ہوا تو پھر چلا جاؤں گا ، کسی کو نظر بھی نہیں آؤں گا۔ اس لیے فی الحال اپنا سب کچھ کرکٹ کے نام کرنا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








