اسلام آباد : کم یونٹس والے صارفین کو 200 سے زائد یونٹس کے بل بھیج دئیے گئے ہیں۔ اوور بلنگ کے نتیجے میں غریب صارفین پر کروڑوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے لیسکو کیخلاف پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی اور کہا کہ لیسکو نے مبینہ طور پر لاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ کم یونٹس والےصارفین کو200 سے زائد یونٹس کے بل بھیجے گئے۔ اووربلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے کروڑوں کا اضافی بوجھ پڑا۔ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے لیسکو کے ڈائریکٹرکسٹمرسروسز اور ڈی جی آئی ٹی کونوٹس جاری کردئیے گئے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو افسران سے بلنگ کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
اس سے قبل رواں سال مئی میں لیسکو کو مالی نقصان پہنچانے پر کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا ، اوور بلنگ کی درستگی سے کمپنی پر اضافی اربوں روپے کا بوجھ پڑا۔اوور بلنگ سے فائدہ اٹھانے کا لالچ کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑ گئے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اوور بلنگ کے وقت اوسط فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی، جب کہ رواں ماہ 48 روپے سے قیمت زائد بنتی ہے، جس سے کمپنی کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








