غیرقانونی چھاپے اور بدعنوانی، سی ٹی ڈی کے 150سے زائد اہلکاروں، افسران کیخلاف کارروائی

تازہ ترین

تازہ ترین

سی ٹی ڈی کے 150
(فوٹو: پاکستان ٹوڈے)

کراچی: غیر قانونی چھاپوں اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت سی ٹی ڈی کے 150 سے زائد اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل کو لیٹر ارسال کردیا گیا۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ  کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات آئی جی کو ارسال کردی ہیں۔ خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے 155افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے اندر سی ٹی ڈی کے 2 انسپکٹرز کو برطرف جبکہ 1 کو جبری ریٹائر کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے 18انسپکٹرز کو قانون کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی گئیں۔ 2سب انسپکٹرز کو برطرف جبکہ 33 کو محکمہ جاتی سزا دی گئی۔

سی ٹی ڈی کے 4اے ایس آئیز کو برطرف کیا گیا جبکہ 61 کو مختلف سزائیں دی گئیں۔ 3 ہیڈ کانسٹیبل، 8 کانسٹیبل برطرف کردئیے گئے جبکہ 12 کو دیگر سزائیں دی گئیں۔ سزا پانے والے اہلکار مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

آئی جی کو آگہی دیتے ہوئے کہا گیا کہ زیادہ تر اہلکار بدعنوانی، غیر قانونی چھاپوں اور دیگر معاملات میں ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ سی ٹی ڈی پولیس کو انسدادِ دہشت گردی کیلئے خصوصی تربیت دی جاتی ہے تاہم فورس کے اہلکار بڑی تعداد میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

Related Posts