جنوری 2025 میں بجلی سستی ہوجائے گی، اویس لغاری کا دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

اویس لغاری
(فوٹو: ڈان)

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری 2025 میں بجلی سستی ہوجائے گی جس کے نتیجے میں عوام مہنگی بجلی سے نجات حاصل کریں گے، لیکن 200 یونٹ مفت دینا ناممکن ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ حکومت چین کے تعاون سے تھرکول کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی کوشش میں ہے جس سے بجلی 3 روپے فی یونٹ سستی ملے گی۔ 300 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

پروگرام کے دوران وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ 200 یونٹ تک مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔ میزبان حامد میر نے کہا کہ مریم نواز الیکشن مہم میں وعدہ کرچکی ہیں کہ 200 یونٹس تک بجلی مفت دی جائے گی۔

حامد میر کی یاد دہانی کے جواب میں اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اگر 200 یونٹس والے ڈیڑھ کروڑ صارفین کو دن رات استعمال کیے جانے والے سولر سسٹمز دے دئیے جائیں اور پھر ان کا بجلی کا کنکشن بھی کٹ جائے تو یہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

مسائل اور بھی ہیں

تشویشناک طور پر بجلی سستی یا مہنگی ہونا تو الگ رہا، عوام کو بجلی کے بلوں کے متعلق مزید شکایات بھی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کو جاری کردہ ویڈیو میں وزیر توانائی اویس لغاری کو بجلی صارفین کے بلوں  میں مصنوعی اضافی یونٹ شامل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

ویڈیو میں وزیراعظم شہباز شریف کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ جن اہلکاروں نے 200 یونٹ سے ایک یونٹ بڑھایا ہے، انھوں نے غریب صارف پر بہت ظلم ڈھایا ہے۔ جا کر پتا چلائیں کہ وہ کون جلاد ہے؟ ایسے عوام دشمن افسران و اہلکاروں کو معطل کر کے سخت کارروائی کریں۔

Related Posts