کراچی میں سافٹ وئیر انجینئر نے کمپنی کے سی ای او کو قتل کیوں کیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

سافٹ وئیر انجینئر
(فوٹو: جیو نیوز)

کراچی کے علاقے شارعِ فیصل میں سافٹ وئیر انجینئر نے کمپنی کے سی ای او کو قتل کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملازم اور مالک کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی۔

گزشتہ روز سامنے آنے والی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ شارعِ فیصل پر واقع ایک دفتر میں ملازم نے مالک کو قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملازم اور مالک کے مابین تنخواہ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد ملازم نے قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے آلۂ قتل برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ معاملے کے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شارعِ فیصل پر کاوش کراؤن پلازہ کی چوتھی منزل میں پیش آیا۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شارعِ فیصل میں دو کمروں پر بنے ہوئے سافٹ وئیر ہاؤس میں یہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک سافٹ وئیر انجینئر جس کا نام شعیب ہے، اس نے اپنے سی ای او کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

سافٹ وئیر انجینئر شعیب اپنی جون کی تنخواہ سی ای او سے طلب کررہا تھا۔ 8 جولائی تک سافٹ وئیر انجینئر کو جون کی ہی تنخواہ ادا نہیں کی گئی تھی، جس پر شعیب طیش میں آیا اور اپنے ساتھ لائی ہوئی چھری سے سی ای او پر وار کردئیے۔

یورو آئی ٹی فرم کے نام سے کمپنی کے سی ای او نوید خان شعیب کے چھریوں کے وار نہ سہہ سکے اور موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد سی ای او کی میت جناح ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

مقتول سی ای او کے بھائی نے کہا کہ ہیڈ آفس سے کسی بھی ملازم کی تنخواہ نہیں آئی تھی۔ ملزم آلہ قتل سمیت دفتر میں ہی موجود تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کے متعلق ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کو آفس کے ملازمین نے پولیس سے قبل پکڑ لیا تھا۔

ملازمین نے متعلقہ تھانے کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی کمپنی کے سی ای او یا مالکان کو چاہئے کہ وہ ملازمین کی تنخواہ وقت پر ادا کیا کریں۔

Related Posts