مہنگائی کا نیا طوفان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگائی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 جولائی سے اگلے 15 روز کے لیے اضافے کا خدشہ ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 7 روپے 60 پیسے اور 3 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ عالمی منڈی میں گزشتہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ نوٹ کیا جارہا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 4.4 ڈالر اور 2 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں 7.60 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.50 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے ۔

اس وقت  پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں بالترتیب 265 روپے 61 پیسے اور 277 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہیں، 30 جون کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 7.45 روپے اور 9.56 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا اور اب مزید اضافہ کیاجارہا ہے۔

وفاقی حکومت نے مالیاتی بل میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دیا تاکہ رواں مالی سال میں 12 کھرب 80 ارب روپے ریونیو حاصل ہوسکے جبکہ گزشتہ سال اس مد میں 960 ارب روپے جمع ہو سکے۔

حکومت کے جمع کیے گئے 960 ارب کا ریونیو 869 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 91 ارب روپے زیادہ رہا۔ اس وقت بھی حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 77روپے فی لیٹر تک صرف ٹیکس کی مد میں وصول کر رہی ہے۔

بلاشبہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی کے طور پر حاصل کر رہی ہے، اور ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر 17روپے کے لگ بھگ کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کی جاتی ہے۔

Related Posts