کوئٹہ: پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں زلزلے کے 5 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بلوچستان کے ضلع ژوب میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ژوب میں زلزلے کے پے در پے دو بار جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے متاثرہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ژوب اور گردونواح میں عوام کی بڑی تعداد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 5 اور 3.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ پہلے زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر جبکہ دوسرے کی 15 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ دونوں زلزلوں کا مرکز ژوب سے 106 اور 79 کلومیٹر جنوب کی طرف تھا۔ آج صبح آنے والے زلزے کے نتیجے میں کسی بھی مقام سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








