امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن لی 74سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔شیلا جیکسن لی نے پاک امریکا تعلقات کی بہتری کیلئے قابلِ قدر کام کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن لی نے فانی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔ امریکی ریاست ٹیکساس سے کانگریس کی رکن منتخب ہونے والی شیلا جیکسن کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن لی نے سیلاب اور زلزلے سمیت کم و بیش ہر ناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے جدوجہد کی۔ حکومتِ پاکستان نے شیلا جیکسن لی کو ہلالِ پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا۔
ماضی میں 2005 کے زلزلے میں زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے امریکا نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کی امداد دی، شیلا جیکسن کی قیادت میں کانگریس کا وفد سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کیلئے بھی پہنچا تھا۔
بعد ازاں شیلا جیکسن لی نے 2018 کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی امریکا کی تعمیر و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ امریکا پاکستان میں جمہوری عمل کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان کاکس پاک امریکا تعلقات میں بہتری کیلئے پرعزم ہے۔
شیلا جیکسن لی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تبدیلی جمہوری انداز میں آنی چاہئے۔ ہم نے کانگریس میں پاکستان کی دفاعی امداد میں کٹوتی کے بل کی مخالفت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








