بے شک پی ٹی آئی ڈیجیٹل دہشت گرد جماعت ہے۔حنا پرویز بٹ

تازہ ترین

تازہ ترین

حنا پرویز بٹ
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ بے شک پی ٹی آئی ڈیجیٹل دہشت گرد جماعت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ کوئی شک نہیں، پی ٹی آئی ایک ڈیجیٹل دہشت گرد جماعت ہے اور اس دہشت گردی کو روکنا ہوگا۔

اپنے ایک اور سوشل میڈیا پیغام میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران جی ایچ کیو پر حملے کا منصوبہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔ یہ وہی جھوٹا شخص ہے جو پہلے کہتا تھا کہ مجھے کچھ علم نہیں کہ حملہ آور کون تھے، کیونکہ میں تو جیل میں تھا۔

مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی ملک بھر، بالخصوص پنجاب میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل طاقتور سیاسی جماعتیں سمجھی جاتی ہیں۔ ن لیگی رہنما حنا پرویز بٹ نے کہا کہ عمران خان کے اعتراف کے بعد ریاست کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے کہ اس شخص کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

دریں اثناء حنا پرویز بٹ نے چکن کے ریٹ بڑھنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس لینے کی خبر پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی وزیر اعلیٰ کو عوام کی فکر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مصنوعی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ پنجاب میں مرغی مہنگی کیوں ہورہی ہے؟

Related Posts