صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرسچین میرج (مسیحی شادی) ترمیمی ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے، ترمیمی ایکٹ کے تحت مسیحی برادری کی شادی کی عمر 18 سال کردی گئی ہے۔
ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صدر زرداری نے مسیحی برادری کو خوش آمدید کہا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے ہم ہیں، مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں، ہم سب کو مل کر مسائل حل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹا بڑھنا چاہئے، حکومت کو ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹا بڑھانے کا کہوں گا، معاشرے میں شدت پسندی کی گنجائش نہیں۔
خیال رہے کہ مسیحی برادری میں شادی کے لیے مرد کی عمر 16 سال اور خاتون کے لیے 13سال تھی، تاہم صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے کرسچن میرج ترمیمی ایکٹ 2024 کی توثیق کے بعد اب شادی کی عمر 18 سال ہوگئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








