پاکستان ریلوے نے پہلی مرتبہ مسافروں کو دوران سفر چائینز اور کانٹینٹل کھانوں (فاسٹ فوڈ) کی فراہمی کے لیے خیبر میل کے ساتھ نئی جدید سہولیات سے آراستہ رائل ڈائینگ کار لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق نجی شعبے کے تعاون سے جدید ترین ایئر کنڈیشن ڈائینگ کار متعارف کرائی جا رہی ہے، خیبر میل ٹرین میں دوران سفر مسافروں کو تازہ لذیذ اور معیاری کھانا میسر آئے گا۔
کھانوں میں چکن برگر، زنگر برگر، چکن سینڈویچ، چکن شوارمہ اور فاسٹ فوڈ کی دیگر متعدد ڈیشز دستیاب ہوں گی جبکہ مسافروں کو چکن کڑاہی، چکن قورمہ، چکن ساشلک، چکن روسٹ، شیخ کباب، دال سبزی، چکن بریانی سمیت دیگر بے شمار کانٹینٹل اور چائینز ڈیشیز بھی میسر ہوں گی۔
اس کے علاوہ ٹرین میں لذید ناشتہ بھی مسافروں کو دستیاب ہوگا۔ نجی شعبے کے اشتراک سے چار جدید رائل ڈائینگ کاریں تیار کر لی گئی ہیں جن کا جلد افتتاح کر کے انہیں لاہور سے کراچی کے درمیان خیبر میل کے ساتھ لگایا جائے گا۔
ایئر کنڈیشن ڈائینگ کار میں پہلی مرتبہ نماز کی جگہ بھی مختص کی گئی ہے تاکہ مسافر دوران سفر کھانے کے ساتھ ساتھ نماز کی ادائیگی بھی پر سکون ماحول میں کر سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








