کراچی میں بارش آج بھی جاری ہے، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی اور ہلکی پھلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ کراچی میں آج بھی ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ آج شہر بھر میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ اس وقت سمندری ہوائیں مکمل بحال ہوچکی ہیں۔
سمندری ہواؤں کی آمد اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے نتیجے میں شہر کا موسم خوشگوار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 19 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آج شہر کا کم از کم درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جاسکتا ہے۔ اس وقت شہر میں درجہ حرارت 30 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83فیصد ہے۔ کراچی میں 3 اگست سے بارش کے نئے اسپیل کا آغاز ہوگا جو 4اگست سے اثرات مرتب کرنا شروع کردے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ “رواں ماہ 4 اگست سے 7 اگست تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے”۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی تھی اور آج بھی شہر کی مختلف سڑکوں پر اچھا خاصا پانی موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








