اسلام آباد: جماعتِ اسلامی نے تحریکِ انصاف کے گرینڈ الائنس کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم کسی اتحاد کا حصہ بننے والے نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں شامل ہونے سے انکارکردیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم حزبِ اختلاف کے ساتھ کچھ مشترکات پر یکساں مؤقف اختیار کرتے ہوئے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
گفتگو کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ “یکساں مؤقف اختیار کیا جائے گا تاہم کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے۔ الائنس میں شامل جماعتیں بعد میں اپنی سیٹنگ بنا لیتی ہیں۔” دوسری جانب جماعتِ اسلامی کا دھرنا آج بھی جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت سوچ رہی تھی کہ ہم ایک دو روز بیٹھ کر چلے جائیں گے، حکومت کو بتانا چاہتے ہیں، مطالبات تسلیم کروانے کیلئے یہاں آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2 ہفتوں میں اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنائیں گے جس میں تمام حکومت مخالف پارٹیاں شامل ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








