گوادر: صوبائی حکومت کے بلوچ یکجہتی کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد مختلف شہروں میں دھرنے ختم کر دئیے گئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی سی ہاؤس گوادر میں ہونے والے مذاکرات میں بلوچستان حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے شرکت کی۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بھی مذاکرات کار شریک ہوئے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی سے مذاکرات کے موقعے پر رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، کمشنر مکران ڈویژن داؤد خلجی، ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر حکام موجود تھے، جبکہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے مذاکرات میں حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلا، بی این پی (مینگل) کے ماجد سورابی، جے یو آئی کے مولانا عبدالحمید سمیت دیگر رہنماؤں نے ثالث کے طور پر شرکت کی۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے بیان جاری کردیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر 4روز قبل گوادر پہنچا تھا۔ احتجاج کے دوران حکومت، انتظامیہ اور اداروں کی جانب سے صبر و تحمل کا اظہار کیا گیا۔ ہم نے پہلے ہی روز کہا تھا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات سے ممکن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








