ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے ملک سے فرار کے بعد سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے 29رہنماؤں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ سے وابستہ 29سے زائد افراد کی لاشیں ملیں جن میں عوامی لیگ کے رہنما اور خاندان کے افراد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے ملک سے فرار کے بعد ملیں۔
بنگلہ دیشی اخبار کے دعوے کے مطابق عوامی لیگ سے وابستہ افراد کے گھر، کاروبار اور دفاتر محفوظ نہیں ہیں۔ عوامی لیگ کے رہنماؤں کے گھروں اور کاروباری مراکز پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی وارداتیں بھی ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ طلبہ تحریک کے احتجاج کے بعد ملک میں حالات ابھی تک معمول پر نہیں آئے۔
گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دینے کے خلاف کئی روز تک مظاہرے ہوئے۔ پرتشدد مظاہروں اور پولیس سے جھڑپوں کے دوران 200 افراد ہلاک ہوئے تو سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم ختم کردیا، تاہم طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کردی۔
سول نافرمانی کی تحریک کے دوران پرتشدد احتجاج کا سلسلہ دراز ہوگیا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی۔ اس سے قبل شیخ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش پر مسلسل 16سال تک حکومت کرکے ملک کی واحد طویل ترین وزیراعظم کا خطاب حاصل کرلیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








