انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں جلاؤ گھیراؤ کیس کی پیشی کے دوران پی ٹی آئی رہنما امتیاز وڑائچ کی طبیعت بگڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت کے جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤکیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ غیر نامزد ملزمان کی گرفتاری کی کیا ضرورت ہے؟
دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جن ملزمان کا نام مقدمے میں درج نہیں، نہ ہی ضمنی بیانات میں نامزد کیا گیا، ان کا کیا کریں؟ ایسے ملزمان کے خلاف کوئی شہادت بھی نہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر بتائیں، گرفتاری کیوں چاہئے؟
عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر، اعظم سواتی، سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، سابق وزیر توانائی عمر ایوب اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔ اسی دوران ایک پی ٹی آئی رہنما کی طبیعت بگڑ گئی۔
جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما امتیاز علی وڑائچ کی طبیعت بگڑ جانے پر ان کو عدالت سے باہر لے جا کر بار روم میں بٹھایا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی طبیعت بھی بگڑ گئی تھی جن کو پی آئی ایچ میں داخل کرانا پڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








