بھارتی اداکار گووندا نے ہالی ووڈ فلم میں کام کی پیشکش کے دعوے پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کا عنوان بھی میں نے تجویز کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں گووندا نے دعویٰ کیا کہ جیمز کیمرون کی ہالی ووڈ فلم ایواٹار میں اداکاری کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے گووندا کے دعوے پر ان کا خوب مذاق اڑایا اور میمز بھی بنائیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بمبئی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے گووندا نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں لیکن میری بیٹی مجھے بتاتی رہتی ہے کہ لوگ حیران ہیں گووندا جیسا اداکار جیمز کیمرون کی فلم کو کیسے مسترد کرسکتا ہے؟
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے، میں سمجھ سکتا ہوں کہ ایسے لوگوں کا تعلق کن علاقوں سے ہوتا ہے، میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں، ہر شخص کو حق ہے کہ وہ اپنی رائے دے لیکن یہ سوال غلط ہے کہ گووندا کو پیشکش کیسے کی گئی؟
اداکار گووندا نے کہا کہ یہ درست نہیں کہ میری حیثیت نہیں ہے، چائے بیچنے والا کیسے آگے بڑھ گیا؟ یہ متعصبانہ سوچ ہے۔ ٹی وی اداکار فلموں میں کیسے آئیں گے؟ یہ احساسِ کمتری غلط ہے۔ اس موقعے پر گووندا سے پوچھا گیا کہ جیمز کیمرون کو آپ کا پتہ کیسے چلا؟
گووندا نے کہا کہ میں ان دنوں سپر اسٹار تھا۔ جیمز کیمرون نے میری فلمیں ضرور دیکھی ہوں گی، میں یقین سے نہیں کہہ سکتا۔ ایک سردار جی مجھے اچھی طرح جانتے تھے جو فلم کے فنانسرز میں شامل تھے۔ میرے سینئر اور دیو آنند کے قریبی دوست تھے۔
انہوں نے کہا کہ جیمز کیمرون اور میری ملاقات لندن میں ہوئی۔ مجھے ایواٹار کی کہانی سنائی گئی۔ میں نے بات کرتے ہوئے عنوان تجویز کیا تو میرے منہ سے اوتار نکلا اور اس نے وہ لفظ پکڑ لیا۔ میں نے فلم مسترد کردی تھی، حالانکہ مجھے بھاری فیس کی پیشکش ہوئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








