ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

تازہ ترین

تازہ ترین

سیلابی ریلوں
(فوٹو: کروشل ایئرز)

اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سیلابی صورتحال درپیش ہے، مختلف شہروں اور دیہات میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کا پانی جگہ جگہ جمع ہوگیا۔ بلوچستان کے علاقے زیارت میں 3 یونین کونسلوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی۔

رپورٹ کے مطابق منڑہ ڈیم سے 3 اسکول، ایک بیسک ہیلتھ سینٹر بھی تباہ ہوگیا۔ مسلم باغ کے علاقے میں قومی شاہراہ این 50 پر ٹریفک کی آمدورفت جزوی طور پر ہی بحال کی جاسکی ہے جبکہ این 50 کی زیارت کوئٹہ شاہراہ کئی مقامات سے بہہ گئی۔

ملک کے مختلف شہروں میں پانی سڑکوں پر جمع ہوجانے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بحال نہیں ہوسکی جبکہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ متعدد مقامات سے بارش کا پانی نکال لیا گیا، تاہم سیلابی صورتحال تاحال برقرار ہے۔

گزشتہ 6 روزسے صحت پور کی مانجھوٹی شاخ اور شاہی کینال کے شگاف پر نہیں کیے جاسکے۔ شگاف کے باعث آنے والے سیلاب نے درجنوں دیہات اور بستیاں ڈبو دیں۔ کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے جو کچے کے علاقوں میں داخل ہوگیا۔

گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا سلسلہ تھم گیا۔ سیلاب کے نتیجے میں 10 رابطہ پل اور 75 مکانات شدید متاثر ہوئے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلئے کارروائی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال پر جلد قابو پایا جائے گا۔

Related Posts