ملک کو 40سال بعد گولڈ میڈل جیت کر دینے والے جیولین تھروور ارشد ندیم کا قافلہ میاں چنوں پہنچ گیا ہے جہاں ان کا شاندار استقبال اور آتش بازی کی گئی۔
میاں چنوں آمد پر ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ڈھوپ کی تھاپ پر رقص کیا گیا اور بھنگڑے ڈالے گئے۔ ارشد ندیم کے مداحوں اور کھیلوں کے شائقین نے پاکستان زندہ باد اور ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
ارشد ندیم کی آمد پر میاں چنوں کے مشرقی بائی پاس آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ہاتھ ہلا کر شہریوں کے خیر مقدم اور پرجوش نعروں کا جواب دیا۔ بعد ازاں قافلہ ارشد ندیم کے آبائی گاؤں کی جانب روانہ ہوگیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو پیرس اولمپکس میں 40سال بعد طلائی تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے جن کا ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔حکومتی عہدیداران بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
جیولین تھروور ارشد ندیم پیرس سے ترکیہ کے راستے لاہور پہنچے جن کی پرواز رات 1 بج کر 25 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اتری۔ طیارے کو واٹر کینن کا سلیوٹ پیش کیا گیا۔ ہزاروں مداحوں نے ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا۔
عوام کی بڑی تعداد ائیرپورٹ پر پہنچ گئی، درجنوں افراد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور قومی ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقعے پر وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود، خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ خواجہ نے ارشد ندیم کو خوش آمدید کہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








