اسلام آباد: بعض سرکاری افسران کی تنخواہ میں اضافہ ہوا ہے تاہم انکم ٹیکس کی کٹوتی بھی شروع کردی گئی جس سے افسران کی تنخواہ پہلے کے مقابلے میں کم ہوگئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں اعلیٰ سرکاری افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کے باوجود انکم ٹیکس کی کٹوتی کے بعد بعض افسران کی تنخواہوں میں کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گریڈ 20کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تنخواہ میں ماہانہ 43 ہزار 240 روپے اضافہ ہوا مگر نئی شرح سے انکم ٹیکس کٹوتی سے تنخواہ کا تمام تر اضافہ واپس اور مزید کٹوتی 272 روپے ہوگئی۔
حوصلہ افزا طور پر سرکاری افسر نے بتایا کہ تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے سے قبل ان کی گراس تنخواہ 5 لاکھ 26ہزار 279روپے تھی جو بڑھ کر 5 لاکھ 69 ہزار 519 روپے ہوگئی اور تنخواہ میں ماہانہ 43ہزار 240 روپے کا اضافہ ہوا۔
تاہم تشویشناک طور پر پہلے مذکورہ سرکاری افسر کی تنخواہ پر ماہانہ انکم ٹیکس 77 ہزار روپے کی کٹوتی ہوتی تھی مگر اب نئی شرح سے ان کی تنخواہ سے انکم ٹیکس کی کٹوتی ایک لاکھ 20 ہزار 512 روپے کی گئی جس نے تنخواہ کم کردی۔
بھاری بھرکم ٹیکس کٹوتی کے بعد ان کی تنخواہ میں ماہانہ اضافہ 43 ہزار 240 روپے کے مقابلے میں 43 ہزار 512 روپے زیادہ انکم ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے جس وجہ سے موجودہ تنخواہ گزشتہ تنخواہ کے مقابلے میں 272 روپے تک کم ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








